کولکاتا؛بی جے پی نے اس سال کے لوک سبھا انتخابات میں بردوان ایسٹ سے ممبر اسمبلی اسیم سرکار کو میدان میں اتارا ہے۔ ان کی حمایت سے مرکزی وزیر داخلہ نے معماڑی اسمبلی حلقہ کے رسول پور میں میٹنگ کی۔ شاہ نے منگل کی میٹنگ میں شروع سے آخر تک ممتا بنرجی اور ان کی حکومت پرکی تنقید کی ۔
2021کے اسمبلی انتخابات کے بعد تشدد کےواقعات میں مارے گئے بی جے پی کارکنان جن میں سندیپ گھوش، سشیل مونڈل، سکھ دیو پرمانک، رابن پال، بلرام ماجھی، بھدو داس شامل ہیں کانام لیتے ہوئے شاہ نے الزام عائد کیا کہ ان سب کا قتل دیدی (ممتا بنرجی) کے غنڈوں نے کیا ہے۔ اس کے بعد مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ میں آج کہہ رہا ہوں کہ جو لوگ یہ قتل کر رہے ہیں، ہماری حکومت بننے کے بعد بی جے پی ان سب کو انڈر ورلڈ سے ڈھونڈ کر جیل بھیج دے گی۔
2021 میں اسمبلی انتخابات کے بعد، ریاست بھر میں سیاسی انتقام کے قتل، عصمت دری اور عصمت دری کی کوشش کے الزامات سامنے آئے۔ بی جے پی کی شکایت تھی کہ اس تشدد کی وجہ سے ان کے کئی کارکن مارے گئے۔بی جے پی نے سی بی آئی سے پولنگ کے بعد ہونے والے تشدد کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ اسی مناسبت سے کلکتہ ہائی کورٹ میں مقدمہ دائر کیا گیا۔ کلکتہ ہائی کورٹ نے سی بی آئی جانچ کا حکم دیا۔ ریاستی حکومت ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ گئی۔ لیکن سپریم کورٹ نے سی بی آئی جانچ کے حکم کو برقرار رکھا۔