بریلی: اترپردیش کے ضلع بریلی کی ایک عدالت نے دس سال پہلے لوٹ اور قتل کے آٹھ ملزمین کو خاطی قرار دینے کے بعد جمعرات کو پھانسی کی سزا سنائی ہے جبکہ لوٹ کا مال خریدنے واے صراف کو عمر قید کی سزا کاٹنی ہوگی۔
سریش شرما نگر کالونی میں 10سال پہلے انکم ٹیکس انسپکٹر روی کانت مشرا کے گھر میں گھس کر ڈکیتوں نے ان کی ماں، بھائی اور بھابھی کا قتل کردیا تھا۔ جمعرات کی دوپہر اسپیشل جج فاسٹ ٹریک کورٹ روی کمار دیواکر نے چھیمار حسین گینگ کے نو افراد کو خاطی قرار دیا اور دو خواتین سمیت آٹھ افراد کو پھانسی کی سزا سنائی ہے۔ لوٹ کا مال خریدنے والے صراف کو عمرقید کی سزا دی گئی ہے۔
استغاثہ کے مطابق انکم ٹیکس انسپکٹر رویکانت مشرا کے اہل خانہ 21 اپریل 2014 کو پیلی بھیت گئے تھے۔ 23 اپریل کی صبح اطلاع ملی کہ اہل خانہ سے رابطہ نہیں ہوسکا۔ جب وہ اپنے گھر پہنچے تو مین گیٹ اندر سے بند تھا۔ گیلری میں کھڑکی کھلی دکھائی دے رہی تھی اور گرل باہر تھی۔ ٹیرس کا دروازہ کھلا تھا۔ جب انہوں نے پڑوس کے زیر تعمیر مکان کی چھت سے اندر جاکر دیکھا تو ماں پشپا (70) کی لاش سیڑھیوں کے پاس پڑی تھی، جب کہ بھائی یوگیش اور اس کی بیوی پریا (32) کی لاشیں بیڈ روم میں پائی گئیں۔ گھر کا سامان بکھرا ہوا تھا۔
پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف ڈکیتی، قتل اور مجرمانہ سازش کی سنگین دفعات کے تحت رپورٹ درج کر کے تفتیش کی جس میں شیر گڑھ کڑلا نگریہ باشندہ واجد، بتھری چین پور ڈیرا امریا باشندہ حسین، یاسین عرف ذیشان، ناظمہ، ہاشمہ ،سنبھل باشندہ سمیر عرف صاحب عرف نفیس بتھری چین پور ڈیرہ عمریہ باشندہ گلفام اور فہیم مال خریدنے والے صراف شاہجہاں پور کوتوالی محلہ چوک، صدر کینٹ باشندہ راجو ورما سمیت 9 ملزمین کے خلاف چارج شیٹ عدالت میں پیش کی تھی۔