نئی دہلی: دہلی میں گزشتہ جمعہ کی رات آنے والی تیز آندھی اور طوفانی ہواؤں نے تباہی مچا دی ہے۔ دہلی کے مختلف علاقوں میں درخت گرنے سے دو لوگوں کی موت ہو گئی ہے اور چھ لوگ زخمی ہو گئے۔ اس کے علاوہ مختلف علاقوں میں کئی مکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے جس سے 17 افراد زخمی ہوگئے۔
دہلی پولیس سے موصول اطلاع کے مطابق راجدھانی میں مکانات کو نقصان پہنچنے سے متعلق 55 کالیں موصول ہوئی تھیں۔ مکانات کو نقصان پہنچنے سے 17 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ درخت گرنے اور مکانات کو نقصان پہنچانے سے مجموعی طور پر 23 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
دہلی پولیس کے مطابق راجدھانی میں اس آندھی اور طوفان کی وجہ سے 152 درخت جڑ سے اکھڑ گئے ہیں۔ اسی دوران مختلف علاقوں میں بجلی سے متعلق مسائل کے حوالے سے 202 کالز موصول ہوئیں ہیں۔ طوفان کے باعث کئی مقامات پر بجلی چلی گئی اور طوفانی ہواؤں کی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگ زخمی ہوئے۔
اس کے علاوہ دہلی کے مختلف علاقوں میں درخت گرنے اور شاخیں ٹوٹنے کے کئی واقعات کی جانکاری دی گئی۔ ان سب کو درست کرنے کے لیے ایم سی ڈی کی باغبانی اور صفائی ستھرائی کے محکمے نے ہفتہ کی صبح کارروائی شروع کردی۔ تاہم دہلی میں کئی مقامات پر تیز اور طوفانی ہواؤں کی وجہ سے درخت اکھڑ گئے یا بڑی شاخیں ٹوٹ کر سڑکوں کے بیچوں بیچ گر گئیں، جنہیں ہٹانے کے لیے ٹریفک پولیس اورنائٹ ڈیوٹی کرنے والے عملے کو سخت محنت کرنی پڑی۔ اس طوفان کے باعث لوگوں کو سڑکوں پر ٹریفک جام کی پریشانی کا بھی سامنا کرنا پڑا۔
- دہلی کے جاپانی پارک میں پنڈال گر گیا