اردو

urdu

ETV Bharat / state

اے ایم یو میں 134ویں سالانہ ہارس شو کا اہتمام

AMU Annual Horse Show: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ایتھلیٹکس گراؤنڈ پر منعقدہ 134ویں سالانہ ہارس شو ’ایکوسٹریا 24‘ میں گھڑ سواروں نے اپنی رفتار اور چستی سے گھڑ سواری کی مہارت کا مظاہرہ کیا۔

اے ایم یو میں 134ویں سالانہ ہارس شو کا اہتمام
اے ایم یو میں 134ویں سالانہ ہارس شو کا اہتمام

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Mar 9, 2024, 10:41 PM IST

علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے رائیڈنگ کلب، گیمز کمیٹی کے زیر اہتمام یونیورسٹی کے ایتھلیٹکس گراؤنڈ پر منعقدہ 134ویں سالانہ ہارس شو ’ایکوسٹریا 24‘ میں گھڑ سواروں نے رفتار اور چستی کے دلکش امتزاج کے ساتھ اپنی گھڑ سواری کی مہارت کا مظاہرہ کیا۔ جس سے حاضرین بخوبی محظوظ ہوئے اور انھوں نے سواروں کی مہارت اور گھوڑوں کے ساتھ ان کی ہم آہنگی کو سراہا۔

ہارس شو کا آغاز رائیڈنگ کلب کے کوچ عمران خان شبلی کی جانب سے گھوڑوں پر پرچم کشائی سے ہوا۔ اس کے بعد پول بینڈنگ، انفرادی ٹینٹ پیگنگ، ٹیم ٹینٹ پیگنگ، مارچ پاسٹ، شو جمپنگ، بال اینڈ بکیٹ، بال پکنگ، میوزیکل رائیڈ، لیڈیز ہیکس، مین ہیکس، کیرٹ کٹنگ اور فینسی ڈریس کے مقابلے ہوئے جس میں 80 سے زائد طلبہ و طالبات نے اپنے فن اور مہارت کا مظاہرہ کیا۔ اے ایم یو کے قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز مہمان خصوصی زیڈ آئی شیروانی، بانی اور سی ای او، کورڈوا گروپ اینڈ کمپنیز، مہمانان اعزاز رجسٹرار اے ایم یو محمد عمران آئی پی ایس، شجاع الدین خاں خسرو اور پروفیسر ایس امجد علی رضوی، سکریٹری، یونیورسٹی گیمز کمیٹی نے مختلف زمروں کے 45 فاتحین میں انعامات تقسیم کیے۔

پروفیسر گلریز نے منتظمین کو شاندار پروگرام کے انعقاد کے لیے مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اے ایم یو کے رائیڈنگ کلب کی اپنی منفرد اور قدیم تاریخ ہے اور یہاں کے طالب علموں نے قومی سطح پر گھڑ سواری کے مقابلوں میں ادارے کا نام روشن کیا ہے۔ مہمان خصوصی زیڈ آئی شیروانی نے طلبہ کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے اے ایم یو رائیڈنگ کلب کے لیے 5 لاکھ روپے کے عطیہ کا اعلان کیا۔ اے ایم یو رجسٹرار محمد عمران آئی پی ایس، جناب شجاع الدین خسرو اور پروفیسر ایس امجد علی رضوی نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

رائیڈنگ کلب کے صدر ڈاکٹر واصف محمد علی نے مہمانوں کا استقبال کیا جبکہ رائیڈنگ کلب کے کپتان باسل حنفی نے شکریہ ادا کیا۔ رائٹنگ کلب کے کپتان باسل حنفی نے شو جمپنگ میں پہلا انعام جیتا، مارچ پاسٹ میں التمش مبشر کو پہلا انعام ملا، اوپن لیڈیز ہیکس میں دیویانی سنگھ کو فاتح قرار دیا گیا اور عبداللہ رئیس نے انفرادی ٹینٹ پیگنگ میں پہلا انعام حاصل کیا۔ چار سالہ عمیرہ کو فینسی ڈریس میں، طارق خان کو بال اینڈ وکیٹ میں، بال پکنگ میں محمد عدی، میوزیکل چیئر (بوائز) میں محمد شعیب، ماؤنٹ اینڈ ڈسماؤنٹ رائیڈ میں محمد جنید خان، پول بینڈنگ میں مرزا عمر بیگ، کیرٹ کٹنگ میں طحہ عبداللہ، مین ہیکس میں محمد عمیر خان، پول بینڈنگ (گرلز) میں حوریں علی رضوی اور ٹیم ٹینٹ پیگنگ مقابلے میں عمیر خان، جنید خان اور حجت رضا کی ٹیم نے پہلا انعام حاصل کیا۔

جیوری میں اسد یار خان، سابق رائیڈنگ کلب کیپٹن، پروفیسر محمد نوید خان، شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن اور مسٹر ایس آر کے شیروانی، سابق کپتان، رائیڈنگ کلب شامل تھے۔ واضح رہے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں طلبہ کے لیے ملک کا ہی نہیں بلکہ ایشیا کا دوسرا سب سے قدیم تقریباً 21 گھوڑوں پر مشتمل ہورس رائیڈنگ کلب(گھُڑ سواری کلب) موجود ہے جس کی بنیاد سرسید احمد خان نے سنہ 1889 میں رکھی تھی جہاں طلبہ گُھڑ سواری کی تربیت حاصل کرتے ہیں۔ گُھڑ سواری کی تربیت کے لیے کلب کا ایک کیپٹن ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

اے ایم یو ابتداء سے ہی کھیل اور ثقافتی روایات کا مرکز رہا ہے اور یہاں کی گُھڑ سواری بہت مقبول ہے۔ ملک کی سرکاری یونیورسیٹیز میں اے ایم یو وہ واحد ادارہ ہے جہاں طلبہ و طالبات کو گُھڑ سواری کی تربیت حاصل کرنے کا موقع ملتا ہے۔ یہاں طلبہ کے ساتھ ساتھ طالبات بھی گُھڑ سواری کی تربیت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہیں۔

یونیورسٹی میں 21 گھوڑے ہیں جن کے لیے ایک مکمل عملہ رائیڈنگ کلب میں موجود ہے۔ رائیڈنگ کلب دراصل یونیورسٹی کا ہی ایک شعبہ ہے جہاں گُھڑ سواری کی تربیت سے طلبہ و طالبات مستفید ہوتے ہیں۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details