نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راونڈر یوراج سنگھ کی کہانی اب بڑی اسکرین پر بھی نظر آنے والی ہے۔ کیونکہ یوراج سنگھ کی زندگی پر ایک بائیوپک فلم بنانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ جس میں ان کی زندگی کی جدوجہد اور مشکلات کو دکھایا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ یہ بائیوپک ٹی سیریز کے زیر نگرانی تیار کی جائے گی۔ جس پر بھوشن کمار اور روی بھاگ چندکا ایک ساتھ کام کرنے جا رہے ہیں۔ لیکن اس بائیوپک میں یوراج سنگھ کا کردار کون ادا کرے گا؟ اس حوالے سے کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ تاہم یوراج نے خواہش ظاہر کی ہے کہ اداکار سِدھانت چترویدی ان کا کردار ادا کریں۔ کیونکہ سدھانت کی شکل یووراج سے کافی زیادہ مماثلت رکھتی ہے۔
یووراج نے اپنی بائیوپک کے بارے میں کیا کہا؟
اپنی بائیوپک کے بارے میں بات کرتے ہوئے یوراج سنگھ نے کہا، 'میرے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ میری کہانی دنیا بھر میں میرے لاکھوں مداحوں کو دکھائی جائے گی۔کرکٹ میری سب سے بڑی محبت رہی ہے اور مشکلات کے دوران بھی یہ میری طاقت کا ذریعہ بھی رہا ہے۔ مجھے امید ہے کہ یہ فلم دوسروں کو اپنے چیلنجز اور مشکلات پر قابو پانے اور لگن و جذبے کے ساتھ اپنے خوابوں کا تعاقب کرنے کی ترغیب دے گی۔
یوراج کی بائیوپک میں کیا خاص ہوگا؟
یوراج سنگھ کی بائیوپک میں ان کے والدین کی علیحدگی کی کہانی دکھائی جا سکتی ہے، جس میں یووی کے بچپن کی جدوجہد کو دیکھایا جائے گا۔ اس کے بعد یووی کے 6 چھکے۔ اس کے علاوہ یہ فلم ون ڈے ورلڈ کپ 2011 میں کینسر سے لڑتے ہوئے ملک کو عالمی چیمپئن بنانے کے ارد گرد بھی گھوم سکتی ہے۔