نئی دہلی: ریسلنگ کی عالمی گورننگ باڈی یونائیٹیڈ ورلڈ ریسلنگ(UWW) نے بجرنگ پونیا کو ڈوپ ٹیسٹ سے انکار کرنے پر نیشنل اینٹی ڈوپنگ ایجنسی (NADA) کے معطل کرنے کے فیصلے کے بعد اس سال کے آخر تک معطل کر دیا ہے۔
تاہم، ایک حیران کن فیصلے میں، اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا (SAI) نے ناڈا کے حکم سے بخوبی واقف ہونے کے باوجود بیرون ملک ان کی تربیت کے لیے تقریباً نو لاکھ روپے کی منظوری بھی دی ہے۔
ملک کے سب سے کامیاب پہلوانوں میں سے ایک بجرنگ پونیا کو 10 مارچ کو سونی پت میں ہونے والے ٹرائل کے دوران اپنا نمونہ دینے سے انکار پر ناڈا نے معطل کر دیا تھا۔
اپنے دفاع میں ٹوکیو اولمپکس کے کانسی کا تمغہ جیتنے والے بجرنگ پونیا نے کہا کہ اس نے کبھی بھی ٹیسٹ کے لیے اپنا نمونہ دینے سے انکار نہیں کیا، بلکہ انھوں نے صرف ڈوپ کنٹرول افسر سے کہا تھا کہ وہ انھیں ایکسپائرڈ کِٹس کی موجودگی کے بارے میں مطلع کرے، جو اس کے نمونے لینے کے لیے لائے گئے تھے۔