نئی دہلی: چوبیس سالہ میراتھن ورلڈ ریکارڈ ہولڈر کیلون کیپٹم اور ان کے کوچ گیرویس ہاکیزیمانا اتوار کو مغربی کینیا میں ایک کار حادثے میں ہلاک ہو گئے۔ کینیائی پولیس کمانڈر پیٹر ملنگے کے مطابق حادثہ اتوار کو مقامی وقت کے مطابق رات کے 11 بجے ایلڈورٹ روڈ پر پیش آیا۔ کینیا کے اخبار ڈیلی نیشن کی رپورٹ کے مطابق، کیپٹم ٹویوٹا پریمیو میں سوار تھے۔ گاڑی میں کل 3 افراد بیٹھے تھے، جن میں ایک خاتون شیرون کوسگے اور ان کے کوچ گیرویس تھے۔
اس حادثے میں خاتون شیرون کوسگے شدید زخمی ہو گئی اور انہیں فوری ہسپتال لے جایا گیا، جبکہ کیلون کیپٹم اور ان کے کوچ اس حادثے میں اپنی جان کی بازی ہار گیے۔ جس کے بعد ان کے جسم کو ریس کورس اسپتال کے مردہ خانہ میں پہنچایا گیا۔ پولیس کمانڈر نے کہا کہ 'یہ ایک حادثہ تھا، جس میں ورلڈ میراتھن ریکارڈ ہولڈر کیلون کیپٹم خود گاڑی چلا رہے تھے اور ان کے ساتھ دیگر اور بھی لوگ سوار تھے، گیرویس اور کیپٹم نے موقع پر ہی دم توڑ دیا جبکہ خاتون کو قریبی ریس کورس ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔
کمانڈر کے مطابق، کیپٹم نے گاڑی کا کنٹرول کھو دیا تھا، جس کے بعد ان کی گاڑی سڑک سے نیچے اتر گئی اور تقریباً 60 میٹر دور جاکر کھائی میں ایک درخت سے ٹکرا گئی۔ کیپٹم حالیہ برسوں میں روڈ رننگ میں ابھرنے والے سب سے دلچسپ کھلاڑیوں میں سے ایک تھے۔ وہ اس وقت سرخیوں میں آئے جب انہوں نے دسمبر 2022 میں والینسیا میں 2:01:53 وقت کے ساتھ ڈیبیو کرتے ہوئے میراتھن جیتا تھا۔