اردو

urdu

ETV Bharat / sports

خواتین کرکٹرز کو ٹرولنگ سے بچانے کے لیے آئی سی سی نے اے آئی ٹول لانچ کر دیا - Women T20 World Cup 2024 - WOMEN T20 WORLD CUP 2024

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں کرکٹ کمیونٹی کو سوشل میڈیا پر نامناسب مواد سے بچانے کے لیے ایک آرٹیفیشیل ایٹیلیجنس (اے آئی) ٹول لانچ کیا ہے۔

Womens T20 World Cup 2024
ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 (AP PHOTO)

By ETV Bharat Sports Team

Published : Oct 3, 2024, 2:45 PM IST

شارجہ: کرکٹرز کو اپنی کارکردگی کی وجہ سے سوشل میڈیا پر کافی زیادہ ٹرول کیا جاتا ہے۔ خواہ وہ مرد کرکٹر ہو یا خاتون کرکٹر ہر کسی کو خراب پرفارمنس پر ٹرولنگ کی جاتی ہے۔

لیکن اب ایسا کرنا سوشل میڈیا صارفین کے لیے آسان نہیں ہوگا، کیونکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اے آئی سوشل میڈیا ماڈریشن ٹول لانچ کیا ہے۔ یہ ایک ایسا ٹول ہے جو کرکٹرز کو سوشل میڈیا پر منفی تبصروں سے دور رہنے میں مدد دے گا۔

قابل ذکر ہے یہ ٹول آج سے شارجہ میں شروع ہونے والے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں کرکٹ کمیونٹی کو نامناسب مواد سے بھی محفوظ رکھے گا۔ یہ ٹول کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران خاتون کھلاڑیوں اور شائقین کو ایک محفوظ اور جامع آن لائن ماحول پیدا کرنے میں بھی فائدہ مند ہے۔

اے آئی سے چلنے والا یہ ٹول GoBubble کے ساتھ مل کر کھلاڑیوں کے سوشل میڈیا چینلز پر نفرت انگیز تبصرے اور ہراساں کرنے جیسے زہریلے مواد کی نگرانی کرتا ہے۔ اس ٹول کا مقصد ذہنی صحت کی حفاظت کرنا اور ایک مثبت ماحول کو فروغ دینا ہے۔

آئی سی سی ہیڈ آف ڈیجیٹل فن بریڈشا نے کہا کہ ہم آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے تمام شرکاء اور شائقین کے لیے ایک مثبت اور جامع ماحول کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے نئے اقدام میں اتنے زیادہ کھلاڑیوں اور ٹیموں کو حصہ لیتے ہوئے دیکھنا بہت اچھا لگ رہا ہے۔ کیونکہ 60 سے زائد کھلاڑی پہلے ہی سوشل میڈیا کے اس سکیورٹی سروس ٹول کا حصہ بن چکے ہیں۔

جنوبی افریقہ کی کھلاڑی سینالو جافتا نے کہا کہ ہار یا جیت کے بعد آپ کا فون کھولنے سے بدتر کوئی چیز نہیں ہوتا ہے اور اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ آپ کسی بھی طرف ہوں، آپ کی شخصیت کے بارے میں ہمیشہ کوئی نہ کوئی توہین آمیز تبصرہ ہوتا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ میرے لیے یہ سکیورٹی بہت بڑی ہے کیونکہ کھلاڑیوں کو بغیر کسی تنقید کے خوف کے دنیا کے ساتھ اپنی زندگی شیئر کرنے کا موقع ملتا ہے۔

واضح رہے کہ آج سے شروع ہونے والے خواتین کے ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کے پہلے دن دو میچ کھیلے جائیں گے، جس میں بنگلہ دیش کا مقابلہ اسکاٹ لینڈ سے سہ پہر تین بجے ہوگا۔ جبکہ دوسرا میچ سری لنکا اور پاکستان کے درمیان اسی مقام پر شام ساٹھے سات بجے کھیلا جائے گا۔ فائنل میچ 20 اکتوبر بروز اتوار دبئی میں ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں

سنہری موقع! پاک بھارت میچ کا ٹکٹ ایک ماہ کے ریچارج کی قیمت پر دستیاب، جانئے کب ہوگا مقابلہ

ABOUT THE AUTHOR

...view details