بینونی: انڈر 19 ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو 79 رنز سے شکست دے کے خطاب اپنے نام کرلیا ہے۔ 253 رنز کے جواب میں بھارتی ٹیم 43.5 اوورز میں 174 رنز پر آل آوٹ ہوگئی۔ آسٹریلیا نے چوتھی بار انڈر 19 ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔
254 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی اننگز کا آغاز خراب رہا اور تیسرے ہی اوور میں کالم وِڈلر نے آرشین کلکرنی کو تین رنز پر ریان ہکس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر بھارت کو پہلا جھٹکا دیا۔ اس کے بعد بھارت کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ مشیر خان نے 22 رنز، کپتان ادے سہارن نے آٹھ رنز، سچن دھس نے نو رنز، پریانشو مولیا نے نو رنز اور اراویلی اونیش نے صفر رنز بنائے، راج لمبانی صفر پر پویلین لوٹ گئے۔
ایک وقت میں بھارت نے 31.5 اوور میں اپنے آٹھ بلے باز کھو دیے تھے۔ چھ بلے باز ڈبل فیگر میں بھی نہ پہنچ سکے۔ مروگن ابھیشیک اور نمن تیواری نے نویں وکٹ کے لیے 46 رنز کی شراکت بنا کر بھارت کے اسکور کو باعزت اسکور پر لے جانے کی کوشش کی۔ 41ویں اوور میں کیلم وِڈلر نے مروگن ابھیشیک کو 42 رنز پر آؤٹ کر کے بھارت کی امیدوں کو نواں جھٹکا دیا۔
سومیا پانڈے دو رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ نمن تیواری 14 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے اور بھارتی اننگز 43.5 اوورز میں 174 رنز پر سمٹ گئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے مہالی بیئرڈمین اور رافی میک ملن نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ چارلی اینڈرسن اور ٹام اسٹرائیکر نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ کالم وائیڈلر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل آج آسٹریلیا کے کپتان ہیو وائبگن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے آنے والی آسٹریلیا کی شروعات خراب رہی اور اس نے تیسرے اوور میں صرف 16 رنز کے اسکور پر سیم کونسٹاس کی پہلی وکٹ گنوا دی۔