ممبئی: جمعرات کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم انڈیا کے استقبال کے لیے نکالے گئے وکٹری پریڈ میں عوام کا سمندر امڈ پڑا، جس کی وجہ سے جنوبی ممبئی میں ٹریفک مکمل طور پر ٹھپ ہوگئی۔ ٹریفک کی وجہ سے ٹیم انڈیا کی وکٹری پریڈ بھی دو گھنٹے کی تاخیر کے بعد شروع ہوئی۔
پہلے شیڈول کے مطابق اکٹری پریڈ شام 5 بجے نریمن پوائنٹ پر واقع نیشنل سینٹر فار پرفارمنگ آرٹس (NCPA) سے شروع ہونا تھا اور شام 7 بجے وانکھیڑے اسٹیڈیم پر ختم ہونا تھا، لیکن روہت شرما کی قیادت میں ٹیم نئی دہلی سے دیر سے یہاں پہنچی اور جس کی وجہ سے پریڈ 7.30 بجے کے بعد ہی شروع ہو سکی۔ اس وکٹری پریڈ کو دیکھنے کے لیے ہزاروں کی تعداد میں کرکٹ شائقین میرین ڈرائیو پہنچ گئے تھے۔
بی سی سی آئی نے ایکس پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں شائقین کا بڑا ہجوم دیکھا جا سکتا ہے اور اس خوبصورت ویڈیو میں خاص بات یہ ہے کہ ایک طرف شائقین کا ہجوم نظر آ رہا ہے تو دوسری طرف سمندر کی لہریں اُٹھتی نظر آ رہی ہیں، ٹیم انڈیا کی جیت کے جشن کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
اس سے قبل ٹیم انڈیا 4 جولائی کی صبح بارباڈوس سے درالحکومت دہلی واپس آنے کے بعد سب سے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ملاقات کی، اس کے بعد سہ پہر 3:42 بجے کے قریب نئی دہلی سے ممبئی کے لیے روانہ ہوگئی۔