حیدرآباد: چیمپیئن ٹرافی 2025 کا انعقاد پاکستان میں ہونا ہے لیکن ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے کہ کیا بھارتی کرکٹ ٹیم اس ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی بھی کی نہیں۔
جبکہ ہر پاکستانی کی خواہش ہے کہ بھارت چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کا دورہ کرے۔ تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت اس ٹورنامنٹ میں ہائبرڈ ماڈل کے طور پر شرکت کرنے کا خواہش مند ہے۔
یہ بات بھی قابل ذخر ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں چیمپئن بننے کے بعد بھارت کا اگلا ہدف آئی سی سی چیمپئن ٹرافی ہے۔ اس تعلق سے جے شاہ پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ بھارت چیمپیئن ٹرافی روہت شرما اور ویراٹ کوہلی جیسے سینئر کھلاڑیوں کی موجودگی میں کھیلے گا۔
لیکن اب سوال یہ ہے کہ کیا بھارت پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی چیمپیئن ٹرافی کے لیے پڑوسی ملک کا دورہ کرے گا؟ اس حوالے سے کئی کھلاڑی مختلف رائے رکھتے ہیں کچھ کھلاڑیوں کا کہنا ہے بھارت کو پاکستان جانا چاہیے جبکہ کچھ کھلاڑی اس کے خلاف ہیں۔
یہاں تک خود پاکستان کے ایک سابق کھلاڑی دانش کنیریا بھی بھارت کو پاکستان کا دورہ نہ کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔ وہیں بھارت کے سابق کھلاڑی اور عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمان ہربھجن سنگھ نے بھارت کے دورہ پاکستان کے لیے ہائی لیول کی سکیورٹی کا مطالبہ کر دیا ہے۔
اسپورٹس تک سے بات کرتے ہوئے سابق بھارتی اسپنر ہربھجن سنگھ نے کہا کہ بھارت کو پاکستان کا سفر صرف ایک شرط پر کرنا چاہیے۔ جب پاکستان ٹیم انڈٰیا کو اعلیٰ سطح کی سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دے۔
ہربھجن سنگھ نے کہا ہے کہ اگر ٹیم کی سکیورٹی یقینی نہیں بنائی گئی تو ٹیم کو پاکستان نہیں جانا چاہیے لیکن اگر حکام کہتے ہیں کہ ٹیموں کو مکمل سکیورٹی ملے گی تو حکومت کو اس بارے میں سوچنا چاہیے اور آخر میں کوئی فیصلہ لینا چاہیے۔