حیدرآباد: افغانستان کی کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے جاری ایڈیشن میں اپنی کارکردگی سے سب کے دل کو جیت لیا ہے۔ انہوں نے نہ صرف اس ٹورنامنٹ میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ جیسی ٹیموں کو شکست دی بلکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ سیمی فائنل تک رسائی حاصل بھی کی۔
اس کے بعد بہت سے سوشل میڈیا صارفین نے ایکس پر افغانستان ٹیم کی حمایت میں کئی پوسٹ کیے۔ بھارت کے سابق اوپنر وسیم جعفر نے لکھا کہ افغانستان نے ورلڈ کپ میں اب تک جس طرح کا مظاہرہ کیا ہے اس کے لیے وہ عزت کا مستحق ہے۔
افغانستان پر حکمرانی کرنے والے طالبان نے بھی راشد خان اینڈ کمپنی کی کامیابی کا نوٹس لیا اور ان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی نے ویڈیو کال پر لیگ اسپنر کو مبارکباد دی۔ ویڈیو کال پر دونوں کو پشتو میں بات کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
یہ کامیابی افغانستان کرکٹ کو بلندیوں پر لے کر جائے گی اور اس سے ملک میں کھیلوں کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ہو سکتا ہے۔ وہ ہر وقت بڑی ٹیموں کو شکست دے رہے ہیں لیکن اس ٹورنامنٹ میں انھوں نے مسلسل بہترین کارکردگی دکھائی ہے۔ راشد نے میچ کے بعد کی پریس کانفرنس میں ایک جذباتی تقریر بھی کی اور کہا کہ جیت لڑکوں کو گھر واپس آنے کی ترغیب دے گی۔