بارباڈوس: چیمپئنز ٹرافی 2025 کا انعقاد پاکستان میں 19 فروری سے 9 مارچ تک کیا جائے گا۔اس میں 7 ممالک شرکت کریں گے۔ ان سات ممالک میں ہندوستان، آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ اور افغانستان شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ میں ہندوستان کی شرکت پر تنازع کے درمیان پاکستان کے سابق فاسٹ بالر وسیم اکرم نے آئی اے این ایس کے ساتھ گفتگو میں ملک میں کرکٹ کی بہتری کے لیے اس طرح کے ٹورنامنٹ کی میزبانی کی اہمیت کے بارے میں بات کہی
وسیم اکرم نے آئی اے این ایس کو بتایاکہ مجھے امید ہے کہ ہندوستان چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آئے گا۔ پورا ملک تمام ٹیموں کے استقبال کے لیے بے تاب ہے۔ کرکٹ کا کھیل شاندار ہوگا اور ہم ان کا شاندار استقبال کریں گے۔ ہمارے پاس بہترین سہولیات ہیں اور ہم نئے اسٹیڈیمز پر کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ چیئرمین نے لاہور، کراچی اور اسلام آباد میں نئے اسٹیڈیمز پر کام شروع کردیا ہے۔ اس لیے مجھے یقین ہے کہ یہ بہت اچھا ٹورنامنٹ ہوگا اور پاکستان کو کرکٹ کی بہتری کے لیے اس ٹورنامنٹ کی ضرورت ہے ۔مجھے امید ہے کہ تمام ممالک آئیں گے کیونکہ کرکٹ اور سیاست کو ہمیشہ الگ الگ ہونا چاہیے۔