حیدرآباد: کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے آئی پی ایل 2024 کا ٹائٹل جیت لیا ہے۔ اس سیزن میں کے کے آر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل میں سن رائزرس حیدرآباد کو 57 گیندیں باقی رہتے ہوئے 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔
اس ٹورنامنٹ میں ویسٹ انڈیز کے خطرناک آل راؤنڈر سنیل نارائن نے کے کے آر کے لیے بلے اور گیند دونوں سے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ جس کی وجہ سے انھیں سیزن کا سب سے قیمتی کھلاڑی قرار دیا گیا اور انھیں موسٹ ایلوایبل پلیئر کا ایوارڈ دیا گیا۔
کے کے آر کے لیے اننگز کا آغاز کرتے ہوئے نارائن نے 15 میچوں کی 14 اننگز میں 1 سنچری اور 3 نصف سنچریوں کے ساتھ 488 رنز بنائے۔ جس میں انہوں نے 50 چوکے اور 33 چھکے بھی لگائے۔ اس سیزن میں انہوں نے گیند کے ساتھ بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 17 وکٹیں اپنے نام کیں۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب سنیل نارائن کو اس ایوارڈ سے نوازا گیا اس پہلے بھی نارائن یہ خطاب سال 2012 اور 2018 میں اپنے نام کرچکے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی تین دفعہ یہ ایوارڈ حاصل کرنے والے وہ پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔