چنئی: ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی سلامی بلے باز شفالی ورما نے یہاں کے چپاک اسٹیڈیم میں ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے جانے والے واحد ٹیسٹ میں کمال کر دکھایا۔ 20 سالہ شیفالی ورما نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی ڈبل سنچری اسکور کرتے ہوئے افریقی گیند بازوں کو سخت چیلنج کیا۔ اس تاریخی ڈبل سنچری کے ساتھ انہوں نے کئی بڑے ریکارڈ اپنے نام کر لیے۔
خواتین کی ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین ڈبل سنچری
اپنا 5واں ٹیسٹ میچ کھیلنے والی شفالی ورما نے خواتین کی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین ڈبل سنچری بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ شفالی نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری صرف 194 گیندوں میں مکمل کی۔ میچ میں ورما نے 197 گیندوں میں 23 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے 205 رنز بنائے۔ اس کے بعد وہ بدقسمتی سے رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئیں۔
ڈبل سنچری بنانے والی دوسری ہندوستانی خاتون کھلاڑی
جنوبی افریقہ کے خلاف 205 رنز بنانے والی شیفالی ورما خواتین کی ٹیسٹ کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والی دوسری کھلاڑی بن گئی ہیں۔ ان سے قبل سابق ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی کپتان متھالی راج نے 22 سال قبل انگلینڈ کے خلاف ڈبل سنچری بنائی تھی۔