جے پور: ویراٹ کوہلی کی شاندار سنچری (ناٹ آؤٹ 113) اور فاف ڈیو پلیسس (44) کے ساتھ 125 رن کی شراکت کی مدد سے رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) نے یہاں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے میچ میں ہفتہ کے روز راجستھان رائلز (RR) کے خلاف تین وکٹ پر 183 رنز کا چیلنجنگ اسکور بنایا۔
سوائی مان سنگھ اسٹیڈیم میں ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرنے آئی آر سی بی کی اوپننگ جوڑی نے جارحانہ آغاز کیا۔ دونوں بلے بازوں نے پہلے 14 اوورز میں 125 رن بنا کر بڑے اسکور کا اشارہ دیا۔ ڈو پلیسس 15 ویں اوور کی پہلی گیند پر اسپن بولر یجویندر چہل کا شکار بن گئے جس کے بعد کھیل کے آخری چھ اوورز میں ویراٹ نے اپنی رفتار بڑھاتے ہوئے میدان کے چاروں طرف چوکے اور چھکے لگائے۔ اپنی سنچری میں انہوں نے 72 گیندیں کھیلی اور 12 چوکے اور چار اونچے چھکے لگائے۔
حالانکہ ڈو پلیسس کے بعد انھیں دوسرے سرے پر متوقع مدد نہیں ملی، ورنہ آر سی بی کا اسکور 200 کے قریب پہنچ سکتا تھا۔ گلین میکسویل صرف ایک رن بنا سکے جبکہ سوربھ چوہان نے نو رن کا اسکور بنایا۔ کیمرون گرین پانچ رن بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹے۔