ممبئی: دورہ سری لنکا کے لیے ٹیم انڈیا کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کمان سوریہ کمار یادو اور ون ڈے ٹیم کی کمان روہت شرما کو سونپی گئی ہے۔
اس کے ساتھ ہی ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے لیے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ابھیشیک شرما اور رتوراج گائیکواڑ کو ٹیم سے باہر کر دیا گیا ہے۔ ان دونوں کھلاڑیوں کو زمبابوے کے خلاف 5 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں موقع دیا گیا تھا جہاں موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دونوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس کے بعد دونوں کو سری لنکا کے دورے سے باہر کر دیا گیا۔ سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ان دونوں کھلاڑیوں کے نام شامل نہیں ہیں۔
ابھیشیک شرما شاندار کارکردگی کے بعد باہرہو گئے
ابھیشیک شرما نے یشسوی جیسوال کی غیر موجودگی میں زمبابوے کے خلاف ٹی 20 سیریز میں ہندوستان کے لیے ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کیا ہے۔ انہوں نے 6 جولائی کو ڈیبیو کیا اور کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔ اپنے اگلے ہی میچ میں ابھیشیک شرما نے تیز سنچری بنائی۔ انہوں نے اپنی پہلی ٹی20 سنچری 46 گیندوں میں بنائی۔
اس کے بعد جیسوال کے آتے ہی انہیں اوپننگ سے ہٹا دیا گیا اور انہیں نمبر 3 پر بلے بازی کا موقع ملا۔ اب تک وہ 5 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں ایک سنچری کے ساتھ 124 رنز بنا چکے ہیں۔ اب اس شاندار کارکردگی کے باوجود انہیں ٹیم سے باہر کردیا گیا ہے۔