نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو پیر کا آپریشن کروانے والے کرکٹر محمد شامی کی جلد صحت یابی اور اچھی صحت کے لئے نیک خواہشات پیش کیں۔ اس سے قبل محمد شامی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں بتایا تھا کہ ان کے پیر کا آپریشن ہوا ہے۔ اپنے ایکس ہینڈل پر محمد شامی کی پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ "محمد شامی، آپ کی جلد صحت یابی اور اچھی صحت کے لیے نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ آپ اس حوصلے کے ساتھ اس چوٹ پر قابو پائیں گے جو آپ کی شخصیت کا لازمی حصہ ہے۔‘‘ وزیر اعظم نے اپنی پوسٹ کے ساتھ محمد شامی کی اسپتال کی تصاویر شیئر کی ہیں۔
وزیراعظم کے ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے محمد شامی نے لکھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی صاحب کی طرف سے میری جلد صحت یابی کی خواہش کرنے والا ذاتی نوٹ موصول ہونا بہت حیرت انگیز تھا۔ آپ کی مہربانی اور فکرمندی واقعی میرے لیے بہت معنی خیز ہے۔ اس وقت آپ کی نیک تمناؤں اور حمایت کے لیے بہت شکریہ مودی صاحب۔ میں اپنی صحت یابی کے لیے سخت محنت کرتا رہوں گا، آپ کی مسلسل خواہش، محبت اور حمایت کے لیے آپ سب کا شکریہ۔