نئی دہلی: پیرس اولمپکس 2024 میں بھارت کی مہم 6 تمغوں کے ساتھ ختم ہوگئی ہے۔ بدھ کے روز بھارتی ٹیم کی ایک اور تمغہ حاصل کرنے کی امید اس وقت ختم ہوگئی جب کھیلوں کی ثالثی عدالت نے ونیش پھوگاٹ کی مشترکہ تمغہ دینے کی اپیل کو مسترد کردیا۔
اس کے بعد آج یوم آزادی کے موقع پر وزیراعظم نریندر مودی نے پیرس اولمپکس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تمام کھلاڑیوں سے پی ایم ہاوس میں ملاقات کی۔ تمام کھلاڑیوں سے ملاقات کے بعد پی ایم مودی نے ان سے خطاب بھی کیا۔
اس موقع پر پی ایم مودی نے ہر اس ایک کھلاڑی سے ملاقات کی جسنے تمغہ جیتا۔ تاہم سلور میڈلسٹ نیرج چوپڑا بھارت میں نہ ہونے کی وجہ سے اس میٹنگ میں شرکت نہیں کر سکے۔ اس کے علاوہ اسٹار شٹلر پی وی سندھو اور اسٹار پہلوان ونیش پھوگاٹ بھی اس میٹنگ میں شریک نہیں ہوسکیں۔
اس دوران بھارتی کوئین پسٹل منو بھاکر پی ایم مودی کو پستول کے بارے میں بتاتے ہوئے نظر آئیں۔ اس کے بعد انہوں نے پی ایم مودی کو ایک پستول بھی بطور ہدیہ پیش کیا۔