نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے 15 اگست کو 78ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم سے خطاب میں 2036 کے اولمپک گیمز کی میزبانی کے لیے بھارت کی مضبوط کوششوں کا اعادہ کیا اور کہا ہے کہ ملک میں کھیلوں کے سب سے بڑے ایونٹ کی میزبانی کے لیے تیاری بھی شروع کردی گئی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ بھارت نے کبھی بھی اولمپک گیمز کی میزبانی نہیں کی ہے۔
لال قلعہ کی فصیل سے پی ایم مودی نے ہم وطنوں کو یقین دلایا کہ 2036 کے اولمپکس کی میزبانی کرنے کے لیے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ بھارت میں جی 20 سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد نے ثابت کیا ہے کہ ہمارے پاس بڑے پیمانے پر تقریبات منعقد کرنے کی صلاحیت ہے اور 2036 کے اولمپکس کی میزبانی کرنا بھارت کا خواب ہے۔
پیرس اولمپکس میں حصہ لینے والا پورا بھارتی دستہ یوم آزادی منانے کے لیے لال قلعہ پر موجود تھا۔ اس موقع پر پی ایم مودی نے پیرس اولمپکس میں ملک کا سر فخر سے بلند کرنے والے کھلاڑیوں کی تعریفوں کے پول باندھے اور انھیں مبارکباد دی۔