اسلام آباد: ایسا محسوس ہورہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں چیئرمین شپ کی تبدیلی کے بعد بورڈ نے شان مسعود اور شاہین شاہ آفریدی کی قومی ٹیم کی قیادت کرنے کی صلاحیت پر اپنا اعتماد کھو دیا ہے اور ان کے لیے سابق کپتان بابر اعظم ایک بار پھر ٹیم کی کپتانی کے لیے بہترین انتخاب ہیں۔
گزشتہ سال بھارت میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ کے دوران پاکستان ٹیم گروپ مرحلے سے باہر ہونے کے بعد بابر نے تمام فارمیٹس میں پاکستانی کپتانی چھوڑ دی تھی۔ جس کے بعد شان مسعود کو ٹیسٹ فارمیٹ میں اور شاہین کو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کا کپتان بنایا گیا۔
پی سی بی تھنک ٹینک کے ذرائع نے بتایا کہ بورڈ اس نتیجے پر پہنچا ہے کہ ابھی کپتان کے طور پر کوئی قابل عمل آپشن دستیاب نہیں ہے اور بابر ہی دوبارہ ٹیم کی قیادت کرنے کا بہترین انتخاب ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ بابر کے یہاں کچھ لوگوں کو یہ جاننے کے لیے بھیجا گیا ہے کہ آیا وہ دوبارہ چارج لینے کے لیے تیار ہیں۔ بابر نے کچھ تحفظات ظاہر کیے ہیں۔ بظاہر وہ بورڈ کے چیئرمین سے کچھ یقین دہانی چاہتے ہیں۔