اسلام آباد: جنوبی افریقہ کے سابق بلے باز اور کوچ گیری کرسٹن کو آئندہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 سے قبل محدود اوورز کی کرکٹ میں پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ جبکہ آسٹریلیا کے سابق فاسٹ باؤلر جیسن گلیسپی کو ٹیسٹ کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔
یہ اعلان پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے سابق کھلاڑی اظہر محمود کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اظہر محمود کو دونوں فارمیٹ میں اسسٹنٹ کوچ کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے یہ تینوں تقرریاں 2 سال کی مدت کے لیے کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت میں ہونے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں پاکستان کی خراب کارکردگی کے بعد کوچنگ اسٹاف، کپتان اور انتظامیہ میں کئی تبدیلیاں کی گئی۔
قابل ذکر ہے کہ گیری کرسٹن نے 2011 میں بھارت کو اس کا دوسرا ورلڈ کپ ٹائٹل دلانے میں اہم کردار ادا کیا ہے کیونکہ وہ اس وقت بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ تھے۔اس کے علاوہ وہ کلب اور فرنچائز کرکٹ میں کئی عہدوں کے علاوہ جنوبی افریقہ کی مردوں کی ٹیم کی کوچنگ بھی کی۔
کرسٹن اس وقت انڈین پریمیئر لیگ کی ٹیم گجرات ٹائٹنز کے ہیڈ کوچ ہیں اوہ وہ اپنے جاری دور کو مکمل کرنے کے فوراً بعد محدود اوورز کی پاکستانی ٹیم کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔