کراچی: پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹرائنگولر سیریز کے تیسرے میچ میں تاریخ رقم کرتے ہوئے چھ وکٹوں سے جیت کے ساتھ فائنل میں جگہ پکی کرلی۔ پاکستان نے 2022 میں آسٹریلیا کے خلاف 349 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے اپنے سابقہ ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔ مین ان گرین نے 353 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ریکارڈ بک میں اپنا نام درج کر لیا۔
پاکستان نے جنوبی افریقہ کا 353 رنز کا ہدف 49ویں اوور میں صرف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ کپتان محمد رضوان اور نائب کپتان سلمان علی آغا نے شاندار سنچریاں اسکور کیں۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 91 رنز پر تین وکٹیں گنوا بیٹھی۔ بابر اعظم نے 23، سعود شکیل نے 15 اور فخر زمان نے 41 رنز بنائے۔
تاہم سلمان علی آغا اور محمد رضوان کے درمیان چوتھی وکٹ کے لیے 262 رنز کی ریکارڈ ساز شراکت ہوئی۔ سلمان علی آغا 103 گیندوں پر 134 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان محمد رضوان 122 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں جیت کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد رضوان نے کہا کہ ہم نے سوچا تھا کہ جنوبی افریقا 320 تک رنز بنائے گا مگر کلاسن اسکور 350 تک لے گئے۔