ممبئی: اوپننگ بلے باز روہت شرما کے 49 رن، ایشان کشن کے 42 رن اور اس کے بعد آخری اووروں میں ٹم ڈیوڈ کے ناٹ آؤٹ 45 رنوں اور روماریو شیفرڈ کے ناٹ آؤٹ 39 رن کی بدولت ممبئی انڈینس نے انڈین پریمیئر لیگ کے 20 ویں ایڈیشن میں اتوار کو دہلی کیپٹلس کو میچ جیتنے کے لیے 235 رنوں کا ہدف دیا۔
آج وانکھیڑے اسٹیڈیم میں دہلی کیپٹلس کے کپتان رشبھ پنت نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرنے اتری ممبئی انڈینز کی روہت شرما اور ایشان کشن کی اوپننگ جوڑی نے شاندار آغاز کرتےہوئے پہلے وکٹ کے لیے 80 رن جوڑے۔ روہت شرما نے 27 گیندوں میں چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 49 رن کی اننگز کھیلی۔
تاہم وہ ایک رن سے اپنی نصف سنچری بنانے سے محروم رہ گئے۔ وہ اکشر پٹیل کے ہاتھوں بولڈ آؤٹ ہوئے۔ انجری سے صحت یاب ہو کر ٹیم میں آنے والے سوریہ کمار یادو اپنا کھاتہ بھی نہ کھول سکے اور پویلین لوٹ گئے۔ کپتان ہاردک پانڈیا نے 33 گیندوں میں 3 چوکے اور ایک چھکا لگا کر 39 رن بنائے۔ ایشان کشن نے 23 گیندوں میں چار چوکے اور دو چھکے لگا کر 42 رن بنائے۔
تلک ورما چھ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد ٹم ڈیوڈ نے 21 گیندوں میں دو چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 45 رن بنائے۔ روماریو شیفرڈ نے 10 گیندوں میں تین چوکے اور چار چھکے لگاتے ہوئے طوفانی انداز میں 39 رن بنائے اور ٹیم کا اسکور مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں پر 234 رنز تک پہنچا دیا۔ شیفرڈ نے آخری اوور میں چوکے اور چھکوں کی بارش کرتے ہوئے 32 رن بنائے۔ دہلی کے لیے اکشر پٹیل اور اینریچ نورٹجے نے دو دو وکٹ لیے۔ خلیل احمد نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔