کولکاتا:ٹی 20 ورلڈ کپ اسکواڈ سے باہر ہونے کے بعد نوجوان اوپنر جیک فریزر میک گرک نے آسٹریلیا کی مضبوط ٹیم میں جگہ بنانے کے چیلنجوں کا انکشاف کیا۔ آسٹریلیائی ٹیم میں تجربہ کار اوپنرز ڈیوڈ وارنر،میشل مارش اور ٹریوس ہیڈ جیسے کھلاڑیوں کی موجودگی میں جگہ پانا مشکل ہے ۔ نوجوان اوپننگ بلے باز نے کہا کہ وہ خود کو پانچ یا چھ نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے نہیں دیکھ سکتے کیونکہ لائن اپ میں پہلے ہی ٹم ڈیوڈ اور کیمرون گرین جیسے کھلاڑی موجود ہیں۔
جیک فریزر میک گرک انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں دہلی کیپٹلس کے ریزرو بینچ کے کھلاڑی تھے۔لیکن جب انہیں دہلی کی جانب سے کھیلنے کا موقع ملا انہوں نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے اپنی صلاحیت کا لوہا منوایا۔ اس کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لئے آسٹریلیاکی ٹیم میں منتخب ہونے کی باتیں ہونے لگیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ اسے دو طرح سے دیکھ سکتے ہیں۔وہ ڈیڑھ ماہ قبل ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لئے انتخاب کی دوڑ میں شامل نہیں تھے۔مگر آئی پی ایل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد ان کی آسٹریلیائی ٹیم میں شمولیت کو لے کر باتیں ہونے لگیں۔اس سلسلے میں اخبارات میں لکھے جانے لگیں۔شاندار کارکردگی کی وجہ سے وہ سلیکڑوں کی نظروں میں آئے۔