اردو

urdu

ETV Bharat / sports

پی ایس ایل 9: اسلام آباد یونائٹیڈ تیسری مرتبہ چمپیئن

PSL 2024 اسلام آباد یونائٹیڈ نے ملتان سلطان کو ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے میں دو وکٹوں سے شکست دے کر پاکستان سپرلیگ سیزن 9 کا خطاب اپنے نام کرلیا ہے۔ عماد وسیم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اسلام آباد یوئنٹیڈ پاکستان  سپرلیگ 2024 چمپئن
اسلام آباد یوئنٹیڈ پاکستان سپرلیگ 2024 چمپئن

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Mar 19, 2024, 1:06 PM IST

Updated : Mar 19, 2024, 6:22 PM IST

کراچی:کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل 2024 کے فائنل میچ میں ملتان سلطان کے 159کے ہدف کو اسلام آباد یونائٹیڈ نے 20 ویں اوور کی آخری گیند پر آٹھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ یہ اسلام آباد کا تیسرا خطاب تھا۔

اسلام آباد یونائٹیڈ کی جانب سے نیوزی لینڈ کے تجربہ کار سلامی بلے باز مارٹن گپٹل نے جارحانہ انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے 32 گیندوں پر چار چوکوں اوور تین چھکوں کی مدد سے 50 رنوں کی اننگ کھیلی۔

وکٹ کیپر بلے باز اعظم خان نے 22 گیندوں پر چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 30 رنز بنائے۔ عماد وسیم 17 گیندوں پر 19 رن بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔اسلام آباد یونائٹیڈ نے 19.5 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 163 رن بنا کر خطاب اپنے نام کرلیا۔

ملتان سلطانز کی جانب سے خوشدل شاہ اور افتخار احمد کو دو دو وکٹ ملے۔ اس سے قبل ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رن بنائے تھے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے عثمان خان 43 گیندوں پر سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 57 رن بنائے۔ افتخار احمد 20 گیندوں پر تین چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 32 رنز اور کپتان محمد رضوان 26 رنز بنائے۔ اسلام آباد یونائٹیڈ کی جانب عماد وسیم چار اوورز میں 23 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ اس کے علاوہ کپتان شاداب خان کو تین وکٹ ملے۔

پی ایس ایل 9 کے بہترین کھلاڑیوں پر ایک نظر:

  • فائنل میچ کا بہترین کھلاڑی: عماد وسیم
  • پلیئر آف دی ٹورنامنٹ: شاداب خان
  • ایمرجنگ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ: محمد عرفان خان
  • آل راؤنڈر آف دی ٹورنامنٹ: صائم ایوب
  • ٹورنامنٹ کا بہترین فیلڈر: محمد عرفان خان
  • ٹورنامنٹ کا بہترین وکٹ کیپر: اعظم خان
  • ٹورنامنٹ کا بہترین گیندباز: اسامہ میر
  • ٹورنامنٹ کا بہترین بلے باز: عثمان خان
  • اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ: پشاور زلمی
  • امپائر آف دی ٹورنامنٹ: آصف یعقوب
Last Updated : Mar 19, 2024, 6:22 PM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details