نئی دہلی: ٹریوس ہیڈ (32 گیندوں پر 89 رن) اور ابھیشیک شرما (12 گیندوں پر 46 رن) کے درمیان 131 رن کی طوفانی سنچری شراکت کی مدد سے سن رائزرز حیدرآباد (ایس اے ایچ) نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 35ویں میچ میں ہفتہ کو دہلی کیپٹلس کے خلاف پہلے کھیلتے ہوئے سات وکٹوں پر 266 رن بنائے۔ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے والے حیدرآباد نے طوفانی انداز میں اننگز کا آغاز کیا۔ ہیڈ اور شرما نے گراؤنڈ کے چاروں طرف رنوں کی بوچھار کردی۔ اس شراکت کو توڑنے کے لیے کپتان رشبھ پنت نے گیند اپنے بھروسہ مند بالر کلدیپ کے حوالے کی اور انھوں نے ابھیشیک کا وکٹ لے کر دہلی کے دل کی دھڑکنوں کو کنٹرول میں کرلیا۔
ابھیشیک نے محض 12 گیندوں میں دو چوکے اور چھ چھکے لگائے۔کلدیپ نے اپنے اوور کی آخری گیند پر نئے بلے باز ایڈن مارکرم (1) کو آؤٹ کرکے حیدرآباد کو دوسرا دھچکا دیا۔ لگاتار دو وکٹ گرنے کی وجہ سے حیدرآباد کے تیور نرم پڑگئے اور اسی دوران سنچری کے راستے پر گامزن ٹریوس ہیڈ بھی اگلے ہی اوور میں کلدیپ کا تیسرا شکار بن گئے جب آف سٹیمپ سے باہر جا رہی گیند کو پُل کرنے کی کوشش میں لانگ آن باؤنڈری پر ٹریسٹن نے آگے کی جانب ڈرائیو لگاکر ان کا شاندار کیچ لے لیا۔ انہوں نے 42 منٹ تک کریز پر رہ کر 11 چوکے اور چھ چھکے لگائے۔
اننگز کے دسویں اوور میں اکشر پٹیل نے ہینرک کلاسن (15) کو کلین بولڈ کر کے رنوں کی رفتار کو مکمل طور پر قابو کر لیا۔ اگرچہ نتیش کمار ریڈی (37) نے کچھ اچھے شاٹس کھیل کر رن ریٹ بڑھانے کی کوشش کی لیکن وہ کلدیپ کی توجہ سے بچ نہیں سکے جب وہ مڈل اسٹمپ پر پھینکی گئی گُڈ لینتھ گیند کو پُل کرنے کی کوشش میں لانگ آن پر کھڑے ڈیوڈ وارنر کو کیچ تھما بیٹھے۔