حیدرآباد: بھارتی بیڈمنٹن کھلاڑی پیرس اولمپکس میں ناقص کارکردگی کی وجہ سے مسلسل تنقید کی زد میں ہیں۔ سابق بھارتی بیڈمنٹن اسٹار پرکاش پڈوکون سمیت کئی دیگر کھلاڑی بھارتی شٹلرز کو ان کی ناقص کارکردگی پر تنقید کا نشانہ بھی بنا چکے ہیں۔
پیرس گیمز میں بھارتی بیڈمنٹن کھلاڑیوں کی خراب کارکردگی کی عکاسی کرتے ہوئے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کی ایک رپورٹ میں بھارتی کھلاڑیوں کو ملنے والی حکومتی فنڈنگ پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ لیکن بھارتی بیڈمنٹن اسٹار اشونی پونپا نے اس رپورٹ کو جھوٹ قرار دیا ہے۔
پی ٹی آئی کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بیڈمنٹن کھلاڑی ایچ ایس پرنائے کو ٹریننگ کے لیے 1.8 کروڑ روپے دیے گئے۔ لیکن وہ پری کوارٹر فائنل میں ہار کر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے۔ اس کے علاوہ، رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تنیشا کرسٹو اور اشونی پونپا کی جوڑی کو 1.5 کروڑ روپے ملے تھے۔
جس کے بعد اشونی نے پی ٹی آئی کی رپورٹ کو ٹیگ کرتے ہوئے ایکس پر لکھا کہ انہیں کوئی پیسہ نہیں ملا اور انھوں نے یہ سوال بھی داغ دیئے کہ حقائق کو درست کیے بغیر مضمون کیسے لکھا جا سکتا ہے؟ یہ جھوٹ کیسے شائع کیا جا سکتا ہے؟ میں کسی تنظیم یا ٹاپس کا حصہ بھی نہیں تھی۔