نئی دہلی:اندرا گاندھی انڈور اسٹیڈیم میںکھیلے گئے ڈبلز میچ میں چراغ-ساتوک نے ڈنمارک کے کم اسٹرپ اور اینڈرس راسموسن کے خلاف 21-7، 21-10 سے جیت درج کی، جب کہ پرنائے نے چینی تائپے کے وانگ زو ویئی کو سخت مقابلے میں 21-11، 17-21، 21-18 سے شکست دے کرمردوں کے سنگلز زمرے میں آخری چار میں جگہ بنائی۔
چراغ-ساتوک نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 11-3 کی تیز برتری حاصل کرکے اپنے ارادے ظاہر کردئے۔ سابق چیمپئن جوڑی نے محض 16 منٹ کے وقفے میں میں پہلا گیم جیت لیا۔ اس میچ سے پہلے، ڈنمارک کی جوڑی نے چراغ-ساتوک کے خلاف لگاتار دو جیت درج کی تھی۔ عالمی نمبر دو جوڑی نے دوسرے گیم میں لگاتار آٹھ پوائنٹس اسکور کرکے اس سلسلے کا خاتمہ کیا اور جیت پکی کردی۔
میچ کے بعد چراغ شیٹی نے کہاکہ کم اور اینڈرس کے خلاف جیتنا آسان نہیں ہے۔ یہ ہمیشہ ایک ایسا کھیل نہیں ہے جہاں آپ کو مہارت سے چیلنج کیا جاتا ہے، بلکہ ذہنی طور پر بھی۔ جو بھی ذہنی جنگ جیتتا ہے وہ سب سے اوپر آتا ہے اور ہم نے آج یہ بہت اچھا کیا۔ ہم عام طور پر اس طرح کے دماغی کھیل نہیں کھیلتے ہیں، لیکن آج ہم نے اس بات کو یقینی بنایا کہ ہم ان کی لے میں نہ کھیلیں۔ جس طرح سے ہم نے آغاز کیا وہ ٹھوس تھا اور ہم نے اسے آخر تک برقرار رکھا۔ ہم جس طرح سے کھیلے اس سے ہم واقعی خوش ہیں، ہم کل بھی اسی رفتار کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں اور اپنا 100 فیصد دینا چاہتے ہیں۔