دمبولا:رنگیری دمبولا انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم اور نیپال کے درمیان ایک اہم میچ کھیلا گیا۔ ہندوستان نے نیپال کو 82 رنوں سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے ویمنز ایشیا کپ 2024 کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ ہندوستان اس ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابل شکست ہے اور اپنے تینوں میچ جیتے۔
نیپال کے خلاف میچ میں باقاعدہ کپتان ہرمن پریت کور کو آرام دیا گیا تھا۔ ایسے میں آج ٹیم کی کمان اسمرتی مندھانا کے ہاتھ میں تھی۔ مندھانا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ اوپنرز شیفالی ورما (81) اور دیالن ہیملتا (47) کی پہلی وکٹ کے لیے کی گئی 122 رنز کی شراکت کی بدولت بھارت نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔
ہندوستان کی جانب سے دیے گئے 179 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں نیپال کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 96 رنز ہی بنا سکی۔ 82 رنز کے بڑے مارجن سے میچ ہار گئی۔ نیپال کی جانب سے اوپنر بلے باز سیتا رانا ماگر (18) ٹاپ اسکورر رہیں۔ جبکہ ہندوستان کی جانب سے اسٹار اسپنر دیپتی شرما نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اروندھتی ریڈی اور رادھا یادو کو بھی 2-2 کامیابی ملی۔