کانپور: بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان گرین پارک اسٹیڈیم میں دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلا جا رہا ہے۔ ٹیم انڈیا کے اسٹار بلے باز ویراٹ کوہلی نے بارش سے متاثرہ میچ کے چوتھے دن تاریخ رقم کر دی ہے۔ بنگلہ دیش کے خلاف اس میچ میں جیسے ہی انہوں نے 35 رنز مکمل کیے ویسے ہی انھوں نے اپنے آئیڈیل بلے باز سچن تنڈولکر کا ریکارڈ توڑ دیا۔
کانپور ٹیسٹ میں ویراٹ کوہلی نے پہلی اننگز میں 47 رنز کی اننگز کھیلی۔ لیکن جب انھوں نے 35 واں رن لیا تو ویراٹ نے بین الاقوامی کرکٹ میں 27 ہزار رنز مکمل کر لیے اور وہ سچن تنڈولکر کے بعد یہ سنگ میل عبور کرنے والے دوسرے بھارتی کھلاڑی بن گئے۔ اس کے ساتھ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے چوتھے بلے باز بھی بن گئے ہیں۔
کوہلی کرکٹ کے آئیکن سچن تنڈولکر، کمار سنگاکارا اور رکی پونٹنگ کے بعد 27,000 بین الاقوامی رنز مکمل کرنے والے چوتھے مجموعی کرکٹر ہیں۔ اس فہرست میں سچن 34,357 رنز کے ساتھ سرفہرست ہیں، اس کے بعد سنگاکارا 28016 اور پونٹنگ 27483 رنز کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔
اس کے علاوہ ویراٹ کوہلی 27,000 بین الاقوامی رنز بنانے والے تیز ترین کھلاڑی بن گئے ہیں کیونکہ انہوں نے تنڈولکر کو پیچھے چھوڑ دیا، جنہوں نے 623 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ کوہلی اس وقت تینوں فارمیٹس کے بین الاقوامی کرکٹ میں 594 اننگز کھیل چکے ہیں جبکہ سنگاکارا نے 648 اننگز اور پونٹنگ 650 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔
اس سے پہلے کوہلی فروری 2023 میں 25,000 بین الاقوامی رنز بنانے والے تیز ترین بلے باز تھے اور اکتوبر 2023 میں سب سے تیز 26,000 رنز بنانے والے بنے تھے۔ کوہلی نے کرکٹ کی تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک کے طور پر خود کو قائم کرنا جاری رکھا ہے۔
تیز ترین 27,000 انٹرنیشنل رنز
1- ویراٹ کوہلی 594 اننگز
2- سچن تنڈولکر 623 اننگز
3- کمار سنگاکارا 648 اننگز
4- رکی پونٹنگ 650 اننگز