کانپور: گنگا کے کنارے واقع خوبصورت گرین پارک اسٹیڈیم میں 27 ستمبر سے بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا۔ اس میچ کا آغاز لارڈز کی طرز پر گھنٹی بجا کر کیا جائے گا۔
میچ کا آغاز سابق کرکٹرز سنیل گواسکر اور روی شاستری کے ہاتھوں اسٹیڈیم میں لگی گھنٹی کو بجا کر کیا جائے گا۔ 76 سال کی تاریخ میں پہلی بار اس اسٹیڈیم میں گھنٹی بجا کر انٹرنیشنل میچ کا آغاز کیا جائے گا۔
اتر پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن کے سینئر عہدیداروں کا کہنا ہے کہ دنیا کے بیشتر کرکٹ اسٹیڈیم میں میچ کا آغاز گھنٹی بجا کر کیا جاتا ہے۔ اس گھنٹی کے پیچھے میچ شروع کرنے کا بنیادی مقصد ان سابق کھلاڑیوں کو اعزاز دینا ہے جنہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی خاص پہچان بنائی ہے۔
واضح رہے کہ انگلینڈ کا لارڈز اسٹیڈیم، جسے کرکٹ کا مکہ کہا جاتا ہے، میں 2007 میں ٹیسٹ میچ شروع کرنے سے پہلے گھنٹی بجانے کا آغاز کیا گیا تھا۔ بھارت میں کولکاتہ کے ایڈن گارڈن اسٹیڈیم میں بھی گھنٹی بجا کر ٹیسٹ میچ شروع کیا جاتا ہے۔