کانپور: بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ کانپور کے گرین پارک اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔ لیکن بارش کی وجہ سے دوسرے دن کا کھیل شروع ہوئے بغیر ہی منسوخ کردیا گیا جبکہ پہلے دن صرف 35 اوورز کا ہی کھیل ہو سکا تھا۔
بارش کی وجہ سے ڈھکے ہوئے میدان میں پریکٹس کرنا بھی ناممکن نہیں تھا۔ تاہم میچ تیسرے دن شروع ہونے کی امید ہے۔ بارش سے متاثرہ پہلے دن روہت شرما نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ جس میں صرف 35 اوورز کا ہی کھیل ہوسکا اور اس میں بنگلہ دیش نے تین وکٹ کھو کر 107 رنز بنا لیے تھے، مومن الحق 40 اور مشفق الرحیم 6 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔
بھارت کی جانب سے آکاش دیپ نے پہلے سیشن میں دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ روی چندرن اشون نے بنگلہ دیش کے کپتان نظم الحسین شانتو کو آؤٹ کر کے اپنی عمدہ فارم کو جاری رکھا۔
قابل ذکر ہے کہ بارش کی وجہ سے اگر دوسرا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوا تو ٹیم انڈیا کو ڈبلیو ٹی سی پوائنٹس ٹیبل میں بڑا نقصان ہوگا۔ بنگلہ دیش کے خلاف پہلا میچ جیت کر بھارت نے اپنی جیت کا فیصد بڑھا کر پہلی پوزیشن مستحکم کردیا تھا۔