پرتھ (آسٹریلیا): بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان اوپٹس اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے بارڈر گواسکر ٹرافی کے پہلے ٹیسٹ میں بھارت نے مضبوط پکڑ کرلی ہے۔ بھارت نے پہلی اننگز میں 150 رنز کا معمولی اسکور بنایا تھا۔ لیکن، تیز گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت جسپریت بمراہ کی قیادت میں بھارتی ٹیم نے پہلی اننگز میں میزبان آسٹریلیا کو (67/7) کے اسکور پر روک دیا۔ پہلے دن کے اختتام پر بھارت پہلی اننگز میں آسٹریلیا سے 83 رنز آگے ہے۔
پرتھ ٹیسٹ، پہلا دن، آسٹریلیا کا اسکور (67/7):
بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جا رہے پرتھ ٹیسٹ کا پہلا دن مکمل طور پر بھارتی گیند بازوں کے نام رہا۔ بھارت کی پہلی اننگز 150 رنز تک محدود رہی۔ ایسی صورتحال میں میزبان ٹیم کو ان کے گھر پر جلد آل آؤٹ کرنے کی ذمہ داری بھارتی گیند بازوں پر تھی۔ بھارت کے تیز گیند بازوں نے شروع سے ہی کنگاروز پر دباؤ ڈالا اور انہیں وکٹ پر ٹھہرنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔
جسپریت بمراہ نے 4 وکٹیں حاصل کی:
بھارتی کپتان جسپریت بمراہ نے اوپنر نیتھن میک سوینی (10) کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے بھارت کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد بمراہ نے عثمان خواجہ (8) کو 7ویں اوور کی چوتھی گیند پر سلپ میں کوہلی کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ کنگاروز کو سب سے بڑا دھچکا اس وقت لگا جب بمراہ نے اگلی ہی گیند پر تجربہ کار بلے باز اسٹیو اسمتھ کو گولڈن ڈک پر آؤٹ کر کے آسٹریلیا کا اسکور 8 اوورز میں 19/3 کر دیا۔ کنگاروز کے پاس بمراہ کی تباہ کن گیندوں کا کوئی جواب نہیں تھا۔ انہوں نے آسٹریلوی کپتان کمنز کو 3 رنز پر آؤٹ کرکے چوتھی کامیابی بھی حاصل کی۔