سنچورین، جنوبی افریقہ: ٹیم انڈیا نے سنچورین کے سپر اسپورٹ پارک میں کھیلے گئے تیسرے بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقہ کو 11 رنز سے شکست دے کر چار میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔
ٹیم انڈیا نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں افریقہ کو 11 رنز سے شکست دی:
بھارت نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 219 رنز بنائے۔ اس کے بعد 220 رنز کے بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے افریقی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں صرف 208 رنز ہی بنا سکی اور 11 رنز سے میچ ہار گئی۔ مارکو جانسن افریقہ کے لیے ٹاپ اسکورر تھے جنہوں نے 16 گیندوں میں نصف سنچری بنائی جو کہ ٹی ٹوئنٹی میں افریقہ کے لیے دوسری تیز ترین نصف سنچری ہے۔ جانسن نے 17 گیندوں میں 54 رنز بنائے لیکن اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرنے میں ناکام رہے۔
ارشدیپ سنگھ کا چلا جادو:
جانسن کے علاوہ ہینرک کلاسن نے بھی 22 گیندوں پر 41 رنز کی اننگز کھیلی۔ جبکہ کپتان ایڈن مارکرم نے اس میں 29 رنز کا حصہ ڈالا۔ دوسری جانب ٹیم انڈیا کی جانب سے تیز گیند باز ارشدیپ سنگھ نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کارکردگی کے ساتھ وہ ٹی ٹوئنٹی میں ہندوستان کے لیے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے دوسرے گیند باز بن گئے ہیں۔ ارشدیپ نے 59 میچوں میں 92 وکٹیں حاصل کیے ہیں۔ انہوں نے بھونیشور کمار (89) اور جسپریت بمراہ (89) کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ وہ اب صرف یوجویندر چہل (96) سے پیچھے ہیں، جو اس وقت ٹی ٹوئنٹی میں ٹیم انڈیا کے لیے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے گیند باز ہیں۔
اس میچ میں افریقی کپتان ایڈن مارکرم نے ٹاس جیت کر بھارتی کپتان سوریہ کمار یادو کی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ بھارت کی جانب سے سنجو سیمسن اور ابھیشیک شرما اننگز کا آغاز کرنے آئے۔ ٹیم انڈیا کی شروعات بہت خراب رہی اور میچ کی دوسری ہی گیند پر مارکو جانسن نے سنجو کو صفر کے اسکور پر کلین بولڈ کردیا۔ اس کے بعد تلک ورما اور ابھیشیک ورما نے دوسری وکٹ کے لیے سنچری پارٹنرشپ کی اور اسکور کو 107 تک لے گئے۔ ابھیشیک شرما نے اپنے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیریئر کی پہلی نصف سنچری بنائی۔