پیرس: پیرس اولمپکس 2024 میں الجزائر اور اٹلی کے درمیان باکسنگ کا میچ کھیلا گیا لیکن میچ شروع ہونے کے بعد صرف 46 سیکنڈ میں ہی الجزائر کی ایمان خلیف نے اپنا اولمپک میچ جیت لیا۔ کیونکہ ان کی مدمقابل اٹلی کی انجیلا کارینی صرف 46 سیکنڈ کے بعد رنگ چھوڑ کر چلی گئیں۔ کارینی اور خلیف کے درمیان صرف چند گھونسوں کا تبادلہ ہوا، جس کے بعد کارینی نے لڑائی چھوڑ دی۔
اولمپک کے نقطہ نظر سے باکسنگ میں یہ ایک بہت ہی غیر معمولی واقعہ تھا۔ فیصلے کے اعلان کے بعد اطالوی باکسر کارینی نے خلیف کا ہاتھ نہیں ملایا بلکہ گھٹنوں کے بل گر کر رنگ میں رو پڑیں۔ اس کے بعد آنسوؤں سے بھری کارینی نے کہا کہ ابتدائی گھونسوں کے بعد ناک میں شدید درد کی وجہ سے اس نے باکسنگ چھوڑ دی۔
کارینی، جس کے منہ پر خون کے دھبے تھے، نے کہا کہ وہ کوئی سیاسی بیان نہیں دے رہی ہیں۔ خلیف کے ساتھ مقابلہ کرنے سے انکار نہیں کر رہی ہیں۔ مجھے ناک میں بہت درد محسوس ہوا اور ایک باکسر کی میچورٹی کے ساتھ میں نے کہا، بس، میں میچ ختم نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ میچ نہیں ہاری بلکہ خود کو جیتی ہوئی سمجھتی ہیں۔
کیا ہے پورا معاملہ؟
میچ کے 46 سیکنڈ میں ختم ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نیا تنازع کھڑا ہو گیا ہے جس میں باکسر ایمان خلیف کے بائیولوجیکل مرد ہونے کے باوجود بطور خواتین کے زمرے میں رکھا گیا۔ اس کے بعد سے ایمان خلیف سوشل میڈیا پر کافی ٹرینڈ کر رہی ہیں، لوگ جاننا چاہتے ہیں کہ یہ باکسر کون ہے؟ کچھ لوگ اسے خاتون کہہ رہے ہیں جبکہ دوسرے اسے پیدائشی مرد قرار دے رہے ہیں۔
یہاں تک کہ اطالوی وزیر اعظم جارجیا میلونی نے بھی اولمپک ولیج میں اٹلی کے ایتھلیٹس کا دورہ کرتے ہوئے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ انھوں نے 2021 سے جینیاتی طور پر مردانہ خصوصیات کے حامل کھلاڑیوں کو خواتین کے خلاف مقابلہ کرنے کی اجازت دینے کی مخالفت کی ہے۔
جس کے بعد الجزائر کی اولمپک کمیٹی نے ایک بیان جاری کیا جس میں انھوں نے کچھ غیر ملکی میڈیا اداروں کے بے بنیاد پروپیگنڈے کے ساتھ ہمارے معزز ایتھلیٹ ایمان خلیف کو جھوٹ اور غیر اخلاقی ہدف بنانے اور بدنام کرنے کی مذمت کی گئی۔
ایمان خلیفہ کون ہیں؟
25 سالہ ایمان خلیف الجزائر کی رہائشی ہیں اور اس وقت وہ یونیسیف کی سفیر بھی ہیں۔ ایمان خلیف نے ورلڈ چیمپیئن شپ 2018 میں باکسنگ کا آغاز کیا، جہاں وہ 17 ویں نمبر پر رہی۔ اس کے بعد وہ ورلڈ چیمپئن شپ 2019 میں 19ویں نمبر پر رہیں۔