نیویارک: پاکستان کے سابق کرکٹر کامران اکمل نے ہندوستانی فاسٹ بالر ارشدیپ سنگھ کے بارے میں متنازع ریمارکس کے بعد عوامی سطح پر معافی مانگ لی ہے۔ پاکستان کے سابق کرکٹر کامران اکمل کو اپنے تبصرے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید غم و غصے کا سامنا کرنا پڑا۔ اے آر وائی نیوز پر پینل ڈسکشن کے دوران اکمل کے تبصروں کو نامناسب سمجھا گیا۔ اس کی وجہ سے شدید ردعمل سامنے آیا۔ خاص طور پر سابق ہندوستانی اسپنر ہربھجن سنگھ نے انہیں ان کے تبصروں پر آڑے ہاتھوں لیا تھا۔
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان میچ کے دوران ارشدیپ کے بارے میں اکمل کے تبصرے تنازعہ کا باعث بنے تھے۔ اکمل نے یہ تبصرہ اس وقت کیا تھا جب ارشدیپ میچ کے دوران آخری اوور کر رہے تھے۔ ہربھجن سنگھ نے انسٹاگرام پر اکمل کے تبصرے کی ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں وہ یہ کہتے ہوئے نظر آ رہے ہیں کہ کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ 12 بج رہے ہیں۔ اس تبصرہ کو سکھ برادری کی تضحیک آمیز سمجھا گیا۔