کولکاتا: ہندوستان کے سابق اوپنر گوتم گمبھیر انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں کرکٹ کے معیار سے بہت متاثر ہیں لیکن وہ نہیں چاہتے کہ فرنچائز پر مبنی ٹی 20 لیگ نوجوانوں کے لیے ہندوستانی ٹیم میں شمولیت اختیار کرنے کا راستہ بنے۔ تجربہ کار اسپنر روی چندرن اشون کے یوٹیوب پروگرام کٹی اسٹوریز ود ایش میں بات کرتے ہوئے گمبھیر نے کہاکہ میرے لیے سب سے بڑی پریشانی یہ ہے کہ کتنے نوجوان ہندوستان کے لیے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ آئی پی ایل ہندوستان کے لیے کھیلنے کا شارٹ کٹ (آسان طریقہ) ثابت نہیں ہوگا۔
کولکاتا نائٹ رائڈرز (کے کے آر) کے مینٹور نے اعتراف کیا کہ آئی پی ایل سے ہندوستانی کرکٹرز کو فائدہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں جب میں انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹیموں کو دیکھتا ہوں اور جب ہندوستان کے خلاف کھیلنے کی بات آتی ہے تو دو تین ٹیموں کے علاوہ مجھے زیادہ مقابلہ نظر نہیں آتا۔
گوتم گمھیر نے کہاکہ کئی ٹیمیں ہندوستان کی طاقت کا مقابلہ نہیں کرسکتیں۔لہذا مجھے لگتا ہے کہ بین الاقوامی ٹی 20 کرکٹ سے آئی پی ایل کا مقابلہ کیا جا ریا ہے ۔یہ ایک اچھی بات ہے لیکن کرکٹ کے دوسرے فارمیٹ پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔