نئی دہلی: وینزویلا کی سابق سائیکلسٹ اور 5 بار کی اولمپیئن ڈینیلا لاریل چیرینوس کی دم گھٹنے سے موت ہوگئی۔ 50 سالہ سابق اولمپک سائیکلسٹ کی لاش ان کے لاس ویگاس اپارٹمنٹ سے برآمد کی گئی۔
فاکس اسپورٹس کی رپورٹ کے مطابق سابق اولمپک سائیکلسٹ ڈینیلا لاریل اپنے لاس ویگاس اپارٹمنٹ کے اندر مردہ پائی گئیں۔ حکام نے وینزویلا کی ایتھلیٹ کی لاش ایک ہوٹل سے ان کی اکثر غیر حاضری کی اطلاعات موصول ہونے کے بعد دریافت کی جہاں وہ کام کرتی تھی۔
جمعہ کے روز پولیس نے چیرینوس کو ان کی رہائش گاہ پر مردہ پایا اور خیال کیا جا رہا ہے کہ 11 اگست کو گلے میں کھانہ پھنسنے کی وجہ سے ان کو سانس لینے میں تکلیف ہوئی جس کی وجہ سے ان کی موت بھی واقع ہوگئی۔
وینزویلا کی اولمپک کمیٹی (COV) نے جمعہ کو جاری کردہ ایک بیان میں چیرینوس کی موت کی خبر کی تصدیق کی۔ سی او وی کی طرف سے ہسپانوی زبان میں کی گئی ایک پوسٹ کا اردو ترجمہ کچھ یوں ہے، ' سی او وی بورڈ آف ڈائریکٹرز کو ڈینیلا لاریل کی رخصتی پر افسوس ہے۔
انھوں نے آگے لکھا کہ کہ ٹریک سائیکلنگ میں شاندار کیرئیر کے ساتھ وہ 5 اولمپک گیمز میں اعزاز کے ساتھ ہماری نمائندگی کرنے میں کامیاب رہی، 4 اولمپک ڈپلومہ حاصل کیں جو ہمیشہ ہمارے لیے فخر کی بات رہی ہے۔
ڈینیلا نے وینزویلا کی سب سے بہترین سائیکل سواروں میں سے ایک تھیں۔ انہوں نے 5 اولمپک گیمز 1992 بارسلونا، 1996 اٹلانٹا، 2000 سڈنی، 2004 ایتھنز اور 2012 لندن میں اپنے ملک کی نمائندگی کی۔ اس دوران انہوں نے اپنی کارکردگی سے 4 اولمپک ڈپلومہ حاصل کیا۔ واضح رہے کہ اولمپک ڈپلومہ مقابلوں میں ٹاپ 8 کھلاڑیوں کو دیا جاتا ہے۔