اردو

urdu

ETV Bharat / sports

بھارت کو دس وکٹوں سے شکست دینے والی ٹیم بنگلہ دیش سے دس وکٹوں سے کیوں ہار گئی: عمران خان - Imran Khan on Pakistan Cricket - IMRAN KHAN ON PAKISTAN CRICKET

پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور اس کے سربراہ محسن نقوی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کرکٹ کو کس طرح سنبھال رہے ہیں۔ عمران خان نے بنگلہ دیش کے خلاف قومی ٹیم کی کارکردگی میں کمی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ملک میں کرکٹ کو طاقتور حلقوں نے تباہ کردیا ہے۔

Ex PM Imran Khan
پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان (فائل فوٹو)

By ETV Bharat Sports Team

Published : Aug 27, 2024, 5:55 PM IST

Updated : Aug 27, 2024, 6:55 PM IST

اسلام آباد: پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹیم کی حالیہ ٹیسٹ شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور اس کے سربراہ محسن نقوی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ عمران خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر قوم کے نام پیغام شیئر کیا ہے جس میں انھوں نے کہا کہ راولپنڈی میں بنگلہ دیش کے خلاف ہار شرمناک ہے اور بورڈ پر ملک میں کھیل کو تباہ کرنے کا بھی الزام عائد کیا۔

قابل ذکر ہے کہ عمران خان راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں تقریبا ایک سال سے قید ہیں۔ پاکستان کے لیے 1992 کا ورلڈ کپ جیتانے والے کپتان عمران خان نے پی سی بی کے سربراہ محسن نقوی پر بدعنوانی کا الزام لگایا ہے۔ نقوی نے فروری 2024 میں پی سی بی کا چارج سنبھالا اور وہ اس وقت پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

سابق کرکٹر نے سوشل میڈیا کے ذریعے ایک پیغام میں کہا کہ محسن نقوی نے دبئی میں بیوی کے نام پر پانچ ملین ڈالر کی مالیت کی جائیداد بنا رکھی ہے۔ یہ گندم اسکینڈل میں ملوث ہے، ملک کا سب سے بڑا فراڈ الیکشن اسی شخص نے کروایا، اس کی کیا قابلیت ہے؟ کرکٹ تباہ کرچکا ہے، ملک بھر میں امن و امان کی صورتحال ابتر ہے۔

انھوں نے مزید لکھا کہ ہر روز کے پی اور بلوچستان میں شہادتیں ہو رہی ہیں۔ پنجاب پولیس کو تحریک انصاف کے پیچھے لگا دیا گیا ہے، جس سے چور اور ڈکیت اتنے طاقتور ہوگئے ہیں کہ وہ اب پولیس کو ہی شہید اور اغوا کرنا شروع ہوگئے ہیں۔

عمران خان نے آگے کہا کہ کرکٹ واحد کھیل ہے جسے پوری قوم ٹی وی پر بڑی دلچسپی سے دیکھتی ہے، طاقتوروں نے اپنی اجارہ داری قائم کرنے کے لئے ایک سفارشی کو لا کر کرکٹ بھی تباہ کر دی۔ پہلی دفعہ ایسا ہوا کہ ورلڈ کپ میں پہلی چار اور ٹی ٹوئنٹی کی 8 ٹیموں میں تک میں جگہ نہ بنا سکے۔ پھر بنگلہ دیش سے ٹیسٹ میچ میں بری طرح شکست کھا کر نئی تاریخ رقم کر دی۔

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ ڈھائی سال قبل اسی ٹیم نے بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی، لیکن ڈھائی سال میں ایسا کیا ہوا کہ اتنی تنزلی کا شکار ہوچکی ہے کہ آج وہی ٹیم بنگلہ دیش سے بھی دس وکٹوں سے ہار گئی۔ اس تمام تباہی کا الزام صرف ایک ادارے پر آتا ہے۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش نے پاکستان کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں دس وکٹوں سے شکست دے کر تاریخ رقم کی ہے۔ جس کے بعد پاکستان ٹیم کی شدید تنقید کی جارہی ہے۔سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ راول پنڈی میں 30 اگست سے کھیلا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں

پاکستان کی شرمناک شکست پر شاہد آفریدی اور رمیز راجہ سمیت سابق کرکٹروں نے کس کو ذمہ دار ٹہرایا؟

ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان کو بنگلہ دیش کے ہاتھوں شرمناک شکست

Last Updated : Aug 27, 2024, 6:55 PM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details