ریاض: پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کو سعودی پرو لیگ فٹبال میں النصر کی جانب سے کھیلتے ہوئے مبینہ طور پر فحش اشارے کرنے پر ایک میچ کے لیے معطل کردیا گیا ہے۔ دراصل النصر نے اتوار کو مقامی حریف ٹیم الشباب کو 3-2 سے شکست دی تھی۔ جس کے بعد رونالڈو نے مخالف ٹیم کے حامیوں کی طرف نازیبا و نامناسب اشارے کردیے۔
شائقین اپنے روایتی حریف لیونل میسی کے نام پر 'میسی میسی' کے نعرے لگا رہے تھے۔سعودی عرب فٹبال فیڈریشن کی ڈسپلنری اینڈ ایتھکس کمیٹی نے جمعرات کو سوشل میڈیا پر ان کے ایک میچ کی معطلی کا اعلان کیا۔ النصر کو اپنا اگلا میچ میں الحزم کے ساتھ کھیلنا ہے۔ جس میچ میں رونالڈو دستیاب نہیں ہوں گے۔
ریال میڈرڈ اور مانچسٹر یونائیٹڈ کے سابق اسٹار رونالڈو کو تقریباً پانچ ہزار ڈالر الشباب کو اور میچ کی نصف رقم فیڈریشن کو جرمانے کے طور پر ادا کرنا ہوگی اور وہ اس فیصلے کے خلاف اپیل بھی نہیں کر سکتے ہیں۔