نئی دہلی: ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری بلے باز کرس گیل نے جمیکا کے وزیر اعظم اینڈریو ہولنس کے بھارت کے سرکاری دورے کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ گیل نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ملاقات کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے، جس کے کیپشن میں لکھا ہے کہ "وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرنا اعزاز کی بات ہے، جمیکا ٹو انڈیا،"
ویڈیو میں کرکٹر کو دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ پی ایم مودی سے کافی احترام کے ساتھ نمستے کے ساتھ سلام کر رہا ہے، جس میں ہندوستان اور جمیکا کے درمیان تعلقات کو اجاگر کیا گیا ہے۔
واضح رہے پی ایم مودی کی دعوت پر جمیکا کے وزیراعظم پیر کو چار روزہ دورے پر نئی دہلی پہنچے ہیں، یہ جمیکا کے کسی بھی رہنما کا بھارت کا پہلا دوطرفہ دورہ ہے۔ جمیکا کے وزیر اعظم کا یہ دورہ 3 اکتوبر تک جاری رہے گا۔
جمیکا کے وزیر اعظم نے بھارت پہنچنے کے بعد ایکس پر لکھا کہ کرس گیل جمیکا میں صرف ایک آئیکون نہیں ہیں، وہ یہاں بھارت میں اپنی کرکٹ کی مہارت کے لیے بڑے پیمانے پر جانے جاتے ہیں۔ ہمارے دورے کے دوران ان کا یہاں آنا بہت اچھا ہے۔