حیدرآباد: امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں 2 جون سے شروع ہونے والا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بہت کم ہی وقت رہ گیا ہے۔ دو تین ٹیموں کو چھوڑ کر تقریباً تمام ٹیموں نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اپنے اسکواڈ کا اعلان بھی کر دیا ہے۔
اس بڑے آئی سی سی ٹورنامنٹ کے پیش نظر ٹی وی چینل اسٹار اسپورٹ نے بھارتی ٹیم کے لیے ایک 40 سیکنڈ کا ویڈیو جاری کیا ہے۔ جس میں بالی ووڈ کے لیجنڈ امیتابھ بچن، اپنی آنے والی فلم کالکی 2898 AD کے مرکزی کردار 'اشوتھاما' میں نظر آرہے ہیں اور وہ اپنی بارعب آواز میں ٹورنامنٹ سے قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کے لیے پرجوش پیغام دے رہے ہیں۔
40 سیکنڈ کی ویڈیو امیتابھ کے اعلان کے ساتھ شروع ہوتی ہے " یُدھ تو ہر دن ہوتا ہے پر مہا یُدھ سب سے کڑی پرکشا لیتا ہے، یہاں پل پل پارہ چڑھتا ہے، رگ رگ میں خون کھولتا ہے، ہار جس کے گلے میں لگے وہ بہادر بھی سر اٹھا کر چلتا ہے"۔ اس ڈائیلاگ کو کالکی 2898 AD کے تھیم میوزک کے پس منظر میں ترتیب دیا گیا ہے۔