حیدرآباد: بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے پیر کو مردوں کی سینیئر کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے درخواستیں طلب کی ہیں۔ بی سی سی آئی کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق یہ درخواستیں 27 مئی 2024 کو شام 6 بجے تک بی سی سی آئی کی جانب سے دیے گئے لنک سے آن لائن جمع کرائی جاسکتی ہیں۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے موجودہ ہیڈ کوچ راہل دراوڈ کی میعاد جون 2024 میں ویسٹ انڈیز اور امریکہ میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد ختم ہو رہی ہے۔ کیونکہ 2023 میں بھارت میں منعقدہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے بعد ان کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع کر دی گئی تھی۔ تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ راہل دراوڈ مستقبل میں کوچ بننا چاہتے ہیں یا نہیں۔
بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ نے حال ہی میں کچھ صحافیوں سے بات چیت میں واضح کیا تھا کہ اگر راہل دراوڈ کوچ رہنا چاہتے ہیں تو انہیں دوبارہ درخواست دینا ہوگی۔ بی سی سی آئی کی طرف سے جاری کردہ ریلیز کے مطابق، کوچ کے انتخابی عمل میں درخواستوں کا مکمل جائزہ لیا جائے گا، اس کے بعد ذاتی انٹرویوز اور شارٹ لسٹ کیے گئے امیدواروں کا جائزہ نے کے بعد ہی کوئی فیصلہ یا جائے گا۔