سرینگر (جموں و کشمیر):ریاست پنجاب سے تعلق رکھنے والے دو افراد کو بدھ کی رات سرینگر میں مبینہ طور پر پولیس افسران کا روپ دھارنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ حکام نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ گرفتاریاں شہر سرینگر کی مشہور ’’نہرو پارک‘‘ میں عمل میں لائی گئیں، جہاں یہ افراد مبینہ طور پر مشکوک سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے تھے۔
ایک سینئر پولیس افسر نے کہا کہ دونوں افراد کے رویے سے مقامی لوگوں میں تشویش پیدا ہونے کے بعد انہیں گرفتار کیا گیا۔ افسر نے تصدیق کی کہ ان افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ان کی سرگرمیوں اور محرکات کی پوری طرح سے چھان بین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہے۔ جموں کشمیر پولیس فی الحال مشتبہ افراد اور ان کے ممکنہ رابطوں کے بارے میں مزید معلومات جمع کرنے کے لیے مکمل تحقیقات کر رہی ہے۔
جموں کشمیر پولیس کے ایک سینئر افسر نے حراست میں لیے گئے شخص کی شناخت کرن ویر شرما عرف رنندر پرتاپ سنگھ کے طور پر کی ہے جو لدھیانہ کی تحصیل پائل کے کڈن علاقے کا رہائشی ہے جبکہ اس کا دوسرا ساتھی رویندر سنگھ ریاست پنجاب کے ضلع فیروزپور کے بھنگر علاقے کا رہائشی ہے جو خود کو سرینگر کی نہرو پارک پولیس کے دائرہ اختیار کا ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) جتلا رہا تھا۔