بڈگام:وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں چاڈورہ تحصیل کے وانگواس علاقے میں ہفتہ کی صبح ایک 23 سالہ نوجوان پراسرار حالات میں مردہ پایا گیا۔ ایک اہلکار نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایک مقامی نوجوان کی لاش اس کے اہل خانہ کو ہفتہ کی صبح گھر کے قریب ملی جس کے بعد انہوں نے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لیکر طبی و قانونی لوازمات کے لیے اسپتال پہنچایا۔
متوفی کی شناخت شبیر احمد جہرہ ولد محمد یوسف جہرہ ساکنہ گوگجی پتھری، وانگواس، چاڈورہ کے طور پر کی گئی ہے۔ ادھر، اس دوران اہل خانہ سمیت مقامی گاؤں والوں نے قتل کا الزام عائد کرتے ہوئے حکام سے اس معاملے کی مکمل تحقیقات کی درخواست کی ہے۔ لوگوں نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ’’متوفی کی زوجہ کی چیخ و پکار سن کر ہم گھروں سے باہر نکلنے اور شبیر کو مردہ پایا، ہم نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔‘‘ لوگوں نے اس معاملے میں حکام سے تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا: ’’یہ بظاہر قتل کا معاملہ لگ رہا ہے، اور اس کی غیر جانبدارانہ تحقیقات ہونی چاہئے، اگر شبیر محفوظ نہیں تو اس کا مطلب ہے کہ پورا گاؤں غیر محفوظ ہے۔ کل یہ واقعہ ہمارے ساتھ بھی پیش آ سکتا ہے، اس لیے قاتل کو پکڑنا از حد ضروری ہے۔‘‘