لوک سبھا انتخابات: 20 دنوں کے اندر الیکشن کمیشن لوک سبھا انتخابات کے حوالے سے نوٹیفیکشن جاری کرے گا اننت ناگ: چیف الیکٹورل افسر جموں کشمیر، پی کے پولے نے لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کے حوالے ضلع اننت ناگ میں ایک اعلی سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔
میٹنگ کے دوران اننت ناگ راجوری لوک سبھا سیٹ کے انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور لوک سبھا کے تحت آنے والے تینوں اضلاع اننت ناگ ،کولگام اور شوپیاں کی سیول انتظامیہ و سکیورٹی ایجنسیوں کے افسران کے ساتھ انتخابات کی تیاریوں کے بارے میں گفت و شنید کی گئی ،جس دوران اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران بھی موجود رہے۔
ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے چیف الیکٹورل افسر نے کہا کہ یقینی طور پر انتخابات کو عملانے کا کام کافی چلینج بھرا کام رہتا ہے ،لیکن یہاں کے افسران باصلاحیت تجربہ کار اور قابل ہیں، جو اس چلینج کو بھرپور انداز میں عبور کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تقربیاً 15 سے 20 دنوں کے اندر الیکشن کمیشن آف انڈیا لوک سبھا انتخابات کے حوالے سے نوٹیفیکشن جاری کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی کوشش رہے گی کہ ان انتخابات کو بہتر ،پُرامن اور صاف و شفاف طریقہ سے انجام دیا جائے۔پولے نے کہا کہ انتخابات کے پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے سکیورٹی ایجنسیوں کو متحرک کیا گیا ہے اور مزید فورسز کی تعیناتی کو جلد ہی ممکن بنایا جائے گا۔
مزید پڑھیں:لوک سبھا انتخابات، محبوبہ مفتی کی کشمکش
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی کوشش رہے گی کہ انتخابات میں زیادہ سے زیادہ لوگ شرکت کریں، تاکہ گزشتہ انتخابات کے مقابلہ میں ووٹوں کی شرح زیادہ رہے۔
پولے نے رائے دہندگان سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنی حق رائے دہی کے ذریعہ بہتر نمائندہ کا چناؤ کریں۔