جموں:جموں کشمیر میں پیر کی دوپہر حالیہ اسمبلی انتخابات میں منتخب ایم ایل اے حلف لے رہے ہیں، جن میں بی جے پی کے 29 اراکین اسمبلی بھی شامل ہیں۔ اسمبلی میں حلف لینے سے قبل بی جے پی نے منتخب ہوئے اپنے اراکین کے اعزاز میں ایک تقریب منعقد کی تھی جس میں جموں سے چنے گئے سبھی نو منتخب اراکین نے شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ ہم سب کے لیے ایک خوشی کا موقع ہے کہ پارٹی نے حلف لینے سے قبل ہمارے اعزاز میں یہ تقریب منعقد کی۔‘‘
بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایم ایل اے سنیل شرما نے کہا کہ ’’لوگوں نے ہم سب پر ایک بڑی ذمہ داری ڈالی ہے۔ جس کو ہم پوری طرح سے نبھانے کی کوشش کریں گے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ بھلے ہی حکومت این سی کی ہے لیکن بی جے پی بہتر اپوزیشن کا رول ادا کرے گی۔ جہاں حکومت جموں وکشمیر کے لیے مثبت کام انجام دے گی تو ہم حکومت کی تعریف ضرور کریں گے اور جہاں موجودہ حکومت جموں وکشمیر کے لوگوں کی توقعات کے خلاف کام انجام دے گی ہم ضرور بااثر آواز بن کر انہیں تنقید کا نشانہ بنائیں گے۔
اس موقع پر رام گڑھ حلقے کی ایم ایل اے ڈاکٹر سنیل بردھواج نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ کشتواڑ ضلع میں لوگوں کا تحفظ ہماری ترجیحات میں شامل ہے جبکہ علاقے میں تعمیر وترقی پر بھی ہمارا بھر پور توجہ مرکوز رہے گا۔