جموں:لوک سبھا انتخابات میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) اور این سی نے ادھم پور پارلیمانی نشست پر کانگریس امیدوار چودھری لال سنگھ کی حمایت کرنے کا اعلان کیا ہے، دونوں جماعتوں نے اس بار اس حلقے سے اپنے امیدوار میدان میں نہیں اتارے ہیں۔ پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے ضلع کٹھوعہ میں اپنی پارٹی ٹیم سے لال سنگھ کی حمایت میں مہم چلانے کا عندیہ دیا ہے۔
اس بات کا انکشاف پی ڈی پی کے ضلع کوآرڈینیٹر کٹھوعہ گرو پرساد ورما نے گزشتہ روز کٹھوعہ میں لال سنگھ کی رہائش گاہ پر ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس کے بعد رام لیلا میدان میں منعقدہ لال سنگھ کی ریلی میں شرکت کرکے انہوں نے اسٹیج پر پی ڈی پی کی طرف سے لال سنگھ کی حمایت کا رسمی طور اعلان بھی کیا، تاہم فی الحال پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کا خود کٹھوعہ میں انتخابی جلسوں میں براہ راست آکر انتخابی مہم چلانے کا منصوبہ ہیں یا نہیں اس بات کی تصدیق نہیں ہو پائی ہے۔