سری نگر: سری نگر میں پارٹی دفتر میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جمعرات کے مہلک عسکری حملے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اس طرح کے واقعات اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک کوئی دیرپا حل نہیں نکل جاتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان حملوں کی اصلیت جانتے ہیں اور یہ پچھلے 30 سالوں سے ہو رہے ہیں۔ فاروق عبداللہ نے مزید کہا کہ، "ہم پاکستان میں شامل نہیں ہو رہے، تو اس کی یہ مداخلت کیوں جاری ہے؟ کیا وہ ہم سے اس میں شامل نہ ہونے کا بدلہ لے رہے ہیں؟ پاکستان کو جموں و کشمیر کو معاشی طور پر کمزور کرنے کے بجائے اپنے چیلنجز پر توجہ دینی چاہیے۔"
ڈاکٹر عبداللہ نے تشدد کے دور کو ختم کرنے اور امن کی طرف راستہ تلاش کرنے کی کوششوں کی اپیل کی۔ انہوں نے ان فوجیوں اور پورٹرز کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جو گلمرگ میں جمعرات کے حملے میں ہلاک ہوئے۔ این سی صدر نے مہلوکین کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔